سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کے قیام کی منظوری

   

منشیات کی اسمگلنگ روکنے کیلئے سعودی عرب سے معاہدہ کو منظوری، مرکزی کابینہ کے فیصلے

نئی دہلی، 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، سلامتی، توانائی اور قابل تجدید توانائی جیسے معاملوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کونسل کے قیام کے سمجھوتے کوپچھلی تاریخ سے منظوری دے دی۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی آج منعقدہ میٹنگ میں ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کونسل کے قیام کے لئے 29 اکتوبر کو ہوئے معاہدے کو پاس کیا گیا ہے ۔اس معاہدے سے جنس،زمرے اور آمدنی کی تفریق کے بغیر سعودی عرب کے ساتھ بہتر معاشی اورتجارتی تعلقات سے ہندوستانی شہریوں کو فائدہ مل سکے گا۔ یہ دفاع، سلامتی، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے ، توانائی، سلامتی اور قابل تجدید توانائی جیسے اسٹریٹیجک شعبوں میں شراکت داری کے نئے راستے ہموار کرے گا۔دونوں ممالک اس شراکت داری کے تحت چل رہے منصوبوں کی پیش رفت کی نگرانی کرنے کے لئے معمول کے مطابق رابطہ قائم کرسکیں گے ۔ اس سے نئے شعبوں کی شناخت کرنے میں مدد ملے گی۔مرکزی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ منشیات’ نشیلی دوائیں اور نشہ آور اشیاء اور ممنوعہ کیمیکلز کی غیر قانونی فروخت او راسمگلنگ روکنے کے ایک معاہدہ کو سابقہ تاریخ سے منظوری دے دی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی آج میٹنگ ہوئی جس میں ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان منشیات’ نشیلی دوائیں اور نشہ آور اشیاء اور ممنوعہ کیمیکلز کی غیر قانونی فروخت او راسمگلنگ روکنے کے معاہدہ کی توثیق کردی گئی۔اس معاہدہ سے اقو ام متحدہ بین الاقوامی منشیات کنٹرول پروٹوکول کے مطابق منشیات’ نشیلی دوائیں اور نشہ آور اشیاء اور ممنوعہ کیمیکلز کی غیر قانونی فروخت او راسمگلنگ روکنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا اور ان چیزوں کو فروخت کرنے کی مشتبہ سرگرمیوں اور گرفتار فروخت کنندگان کے مالی حالات سے متعلق معلومات ایک دوسرے سے شریک کی جاسکیں گی۔ دونوں ملک ایسے معاملات میں گرفتار ایک دوسرے ملک کے شہریوں کی تفصیلات بھی ایک دوسرے کو بتائیں گے اور گرفتار فرد قونصلر تعاون فراہم کی جاسکے گی۔