سعودی عرب کے علاقہ جازان میں کیڑوں کا حملہ

   

جدہ ۔ جازان کے جنوبی قصبے میں کیڑوں کے حملے سے علاقے میں رہنے والوں کو شدید دشواری کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ علاقے والوں نے بلدیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں کیڑوں کے حملے سے گاوں کے تمام افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب علاقائی بلدیہ کے عہدیدارنے کہا ہے کہ کیڑوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی حشرات سے نمٹنے والے یونٹ کو مطلع کردیا گیا ہے تاکہ کیڑوں کے خاتمے کیلیے فوری کارروائی کی جاسکے۔ میڈیا نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جازان علاقے کی جنوبی کمشنری احد المسارحہ کے نواحی گاوں میں رہنے والوں نے عجیب و غریب کیڑوں کے حملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں کیڑوں کا حملہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے۔علاقے میں رہنے والوں نے کیڑوں کے حملے کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈکردی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عجیب و غریب نوعیت کے کیڑے لاکھوں کی تعداد میں ایک جگہ جمع ہیں۔لاکھوں کیڑوں سے مکان کا فرش مکمل طور پرچھپ گیا تھا جس کی وجہ سے علاقے میں رہنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ قصبے کے لوگوں نے کہا ہے کہ کیونکہ یہ علاقہ زرعی ہے اس لیے اس بات کا امکان ہے کہ زرعی زمین میں پلنے والے کیڑے وہاں سے نکل کر علاقے کے مکانوں پر حملہ آورہوگئے ہیں۔یاد رہے کہ حالیہ عرصہ میں سعودی عرب میں ٹڈی حملوں نے بھی انتظامیہ کو کافی پریشان کیا تھا ۔