ریاض ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی جانب سے مملکت کا سرکاری نقشہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نیا نقشہ دو زبانوں عربی اور انگریزی میں جاری کیا گیا ہے۔ سروے جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اس نقشے میں ڈیجیٹل سسٹم استعمال کیا گیا ہے جس میں سعودی مملکت کی بین الاقوامی سرحدوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مملکت میں موجود شاہراہوں، ریلوے لائنز، قدرتی مقامات، وادیوں، زرعی فارموں، پہاڑوں، تفریحی و قابل دید مقامات کو بھی ظاہر کیا گیا ہے۔اتھارٹی کی جانب سے تمام سرکاری و نجی اداروں اور افراد کو نیا جاری کردہ نقشہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ نقشہ سروے جنرل اتھارٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ مملکت سعودی عرب جزیرہ نمائے عرب کے 80 فیصد رقبے پر مشتمل ہے۔
