سعودی عرب: 3 لاکھ بنگلہ دیشیوں کیلئے روزگار فراہمی کا معاہدہ

   

ریاض : 13نومبر ( یو این آئی )سعودی عرب کے بڑے ترقیاتی اور سیاحتی منصوبوں کے علاوہ صحت عامہ سے متعلق شعبوں میں بنگلہ دیش کے ہنر مندوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع کے حوالے سے گزشتہ روز معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔معاہدے پر مملکت کے سفیر نے کہا ہے کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ اگلے مہینوں میں 3 لاکھ بنگلہ دیشی شہریوں کو روزگار دیا جائے گا۔خیال رہے سعودی عرب میں 36 لاکھ بنگلہ دیشی پہلے ہی کاموں پر موجود ہیں۔ جو اپنے ملک میں 5 ارب ڈالر کی ترسیلات زر سعودی عرب سے بھیجتے ہیں۔سعودی عرب کی اس لیبر مارکیٹ کو بنگلہ دیشی شہریوں نے 1970 کی دہائی سے جوائن کر رکھا ہے۔ بنگلہ دیشی کارکنوں کی تعداد سعودی عرب میں ان چند ملکوں میں سے نمایاں ہے جن کے سب سے زیادہ لوگ سعودی عرب میں کام کے لیے موجود ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان فراہمی روزگار اور فراہمی کارکنان کے سلسلے میں دستخط اکتوبر 2025 میں کیے گئے ہیں۔ جس میں غیر ہنر مند اور ہنر مند دونوں طرح کے کارکنوں کے لیے روزگار کی سہولت پیدا کی گئی ہے۔ یہ بات ڈھاکہ میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر عبداللہ ظفر نے بتائی ہے۔

بنگلہ دیش میں انتخابات کے
دن ریفرنڈم ہوگا
ڈھاکہ:13 نومبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے انتخابات کے دن ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ محمد یونس کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ پارلیمانی انتخابات کے دن ہی مجوزہ جمہوری اصلاحات پر ریفرنڈم ہوگا۔ اس سے اصلاحات کے ہدف میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ انتخابات مزید بہتر اور کم خرچ ہوں گے ۔ جمہوری اصلاحات میں وزرائے اعظم کے لیے دو مدت کی حد اور صدارتی اختیارات میں توسیع کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔