مکہ مکرمہ ، 6 جون (یو این آئی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دی۔تفصیلات کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دی۔مسلم ممالک نے شاہ سلمان اور ولی عہد کو حج کے بہترین انتظامات پر مبارکباد پیش کی۔عرب میڈیا نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے منیٰ کا دورہ کیا اور حج انتظامات کا جائزہ لیا۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے حج انتظامات پراطمینان کا اظہار کیا۔سعودی وزارت صحت کے مطابق دوران حج گرمی سے طبعیت خراب ہونے کے واقعات میں نوے فیصد کمی آئی، سعودی حکومت نے حجاج کو گرمی سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، صحت سمیت سکیورٹی اور صفائی کے بھی بہترین انتظامات کیے گئے ۔خیال رہے رواں سال 16 لاکھ تہتر ہزار سے زائد افراد نے حج کی سعادت حاصل کی، حجاج کرام کی پاکستان واپسی کا سلسلہ دس جون سے شروع ہوگا۔مناسک حج کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے ، شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے حجاج کی مزدلفہ سے منی پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ رمی میں مصروف ہیں۔رمی کے بعد حجاج قربانی کرکے سرمنڈواکراحرام کھول دیں گے ، طوافِ زیارت اورسعی کے بعد حجاج کرام منی لوٹ آئیں گے ۔
عیدالاضحی پر عالمی قائدین کی مبارکباد
ریاض / اوسلو/ لندن : 6جون ( ایجنسیز ) حج 2025 کی تکمیل کے ساتھ ہی دنیا بھر میں عیدالاضحی کا تہوار منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین کے علاوہ ترکیہ ،برطانیہ ، امریکہ ، ناروے ، فن لینڈ ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے علاوہ دیگر مسلم ممالک کی جانب سے بھی مسلمانان عالم کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی گئی جو سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے حلال جانوروں کی قربانی کا درس دیتا ہے اور اس طرح یہ ثابت کیا جاتا ہے کہ اپنی اولاد سے زیادہ عزیز اللہ سبحان تعالیٰ کی ذات ہے ۔ یاد رہے کہ دنیا کے مسلم ممالک کے علاوہ مغربی ممالک میں مسلمانوں کی کثیر تعداد آباد ہے ۔