سعودی مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ کا انتقال

   

ریاض : 23 ستمبر (ایجنسیز)سعودی عرب کے مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ وفات پا گئے ہیں۔ وہ سعودی علما کی سینیئر کونسل کے سربراہ اور اسلامی تحقیق و افتا کی جنرل پریذیڈنسی کے چیئرمین بھی تھے اور اس حیثیت میں انھیں سعودی عرب میں وزیر کے مساوی عہدہ حاصل تھا۔ اس کے علاوہ وہ مسلم ورلڈ لیگ کی سپریم کونسل کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔شیخ عبدالعزیز کی نمازِ جنازہ منگل کو نمازِ عصر کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کر دی گئی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے حکم دیا ہے کہ مفتی اعظم کی غائبانہ نمازِ جنازہ مسجدالحرام (مکہ مکرمہ)، مسجد نبوی (مدینہ منورہ) اور مملکت کی تمام مساجد میں بھی ادا کی جائے۔ شاہی دربار نے کہا ہے کہ اْن کی وفات کے ساتھ ’مملکتِ سعودی عرب اور پوری اسلامی دنیا ایک جلیل القدر عالمِ دین سے محروم ہو گئی ہے جنھوں نے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔‘