ریاض ۔ 28ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں وزارت محنت وسماجی بہبود نے جمعہ کے روز سیاحتی رہائش کے شعبہ میں متعدد انتظامی اور مرکزی پیشوں کو سعودیانے سے متعلق فیصلے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ سعودی وزیر محنت و سماجی بہبود انجینئر احمد بن سلیمان الراجحی نے کیا تھا۔وزارتی فیصلے میں سیاحتی رہائش کے سیکٹر سے متعلق سعودیانے کے عمل کو تین مرحلوں میں نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔پہلے مرحلے میں 4 شعبوں میں کام کی ذمے داریوں کو 100% تک سعودی مرد اور خواتین تک محدود کیا جائے گا۔ ان میں مارکیٹنگ اینڈ سیلز، بکنگ، پرچیزنگ اور فرنٹ ڈیسک شامل ہیں۔فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ پیشوں میں غیرملکی کارکنان کے براہ راست یا بالواسطہ ہر طرح سے کام کرنے پر پابندی ہو گی۔ جو ادارے اس فیصلے کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف مقررہ نظام کے تحت سزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔