سعودی میں نائٹ شفٹ کرنے والوں کے حقوق متعین

   

ریاض۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)سعودی عرب میں محنت اور سماجی بہبود کی وزارت نے بتایا ہے کہ مملکت میں بازاروں کے کھولے جانے کے فیصلے کے ضمن میں “نائٹ شفٹ ورکرز” کے حقوق متعین کیے گئے ہیں۔ مذکورہ وزارت کے سرکاری ترجمان خالد ابا الخیل کے مطابق نائٹ شفٹ ورکرز کو متعدد خصوصیات حاصل ہوں گی۔ ان میں خصوصی معاوضہ، شفٹ کے دورانیے میں رعایت، ٹرانسپورٹ الاؤنس اور رات کی شفٹ میں کام کرنے کا خصوصی الاؤنس شامل ہے۔ ابا الخیل نے مزید بتایا کہ نائٹ شفٹ میں کام کرنے والوں کے حقوق میں ترقی، تربیت اور ملازمت میں پیش قدمی کا حق بھی شامل ہے۔ اس لیے کہ عموماً نائٹ شفٹ میں کام کرنے والوں کا اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ رابطہ بہت کم ہوتا ہے لہٰذا ان کو دیگر شفٹوں میں کام کرنے والے ساتھیوں کے مساوی حقوق فراہم کرنا لازم ہے۔ ابا الخیل کے مطابق اگر کسی شخص کے پاس ایسی میڈیکل رپورٹ ہے جس میں نائٹ شفٹ میں کام کرنے کو اس کی صحت کیلئے نامناسب قرار دیا گیا ہو تو اس پر رات کے اوقات میں کام نہیں کروایا جائے گا۔ اسی طرح حاملہ خاتون کو بھی نائٹ شفٹ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔