ریاض۔ تمام شعبہ حیات میں خواتین کو مساوی موقع فراہم کرنے کی سمت میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی با ر سعودی عرب میں کسی خاتون وکیل ابرارشاکرکو فلِج (ایف ایل آئی جی) فٹ بال کلب کی چیئرپرسن مقررکیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبہ حفرالباطن میں قائم اس فٹ بال کلب کی مردوخواتین دونوں کی الگ الگ ٹیمیں ہیں۔ابرار شاکر دونوں ٹیموں کے بورڈ کی سربراہ ہوں گی۔ان کا انتخاب اس امرکا ثبوت ہے کہ سعودی معاشرے میں خواتین اب ان شعبوں میں بھی آگے آرہی ہیں اور انھیں اہم ذمے داریاں سونپی جارہی ہیں جہاں بالعموم مردوں کی بالادستی یا اجارہ داری ہے ۔اس ضمن میں ایک اوراہم پیش رفت دیکھنے کو ملی تھی جب ایک خاتون فوجی افسرعبیرالراشد نے سعودی خواتین پرمشتمل حج کی سکیورٹی فورسز کی پہلی میڈیا تفصیلات دی تھی۔انہوں نے اس مرتبہ 17 سے 22 جولائی تک حج کے لیے سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظام کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلات دی۔اس مرتبہ کووِیڈکی وباکو پھیلنے سے روکنے کے لیے صرف 60 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے ۔قبل ازیں رمضان المبارک کے دوران میں بہت سی خاتون پولیس افسروں نے مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے لیے خدمات انجام دی تھیں۔