ریاض۔14 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی وزارت دفاع نے فوری علاج طلب مریضوں کے لیے فضائی ایمبولینس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔سعودی افواج نے فوری علاج طلب مریضوں کو ایک صوبے سے دوسرے صوبے اور ایک شہر سے دوسرے شہر علاج کی خاطر منتقل کرنے کے لیے فضائی ایمبولینس کی سہولت شروع کی ہے۔یہ سہولت مقامی شہریوں اورغیرملکیوں کے لیے چوبیس گھنٹے مہیا ہوگی۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت دفاع کے ماتحت فوجی طبی خدمات کے ادارے نیکہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر کرفیو کے باعث مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ایک صوبے سے دوسرے صوبے اور ایک شہر سے دوسرے شہر علاج کی خاطر فضائی ایمبولینس کے ذریعے دواخانہ پہنچایا جائے گا۔ یہ سہولت کینسر، دل کے مریضوں اور نازک صحت صورتحال سے دوچار افراد کو فراہم کی جائے گی۔وزارت دفاع کے مطابق ہیلی کاپٹر اور فضائی ایمبولینس دونوں سے کام لیا جائے گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 198 سے زیادہ مریضوں کو فضائی ایمبولینس کی سہولت مہیا کی جاچکی ہے۔یاد رہے کہ سعودی افواج کے طبی شعبے کے ماتحت فضائی ایمبولینسیں سعودی عرب کے اندر اور باہر سالانہ 2500 سے زیادہ مریضوں کودواخانہ لانے لے جانے کی سہولت مہیا کر رہی ہیں۔ان میں مملکت کے اندر اور باہر سے عطیہ کیے جانے والے اعضا کی منتقلی شامل ہے۔