ریاض : ریاض میں نائف عرب یونیورسٹی برائے سکیورٹی سائنسز کے صدر ڈاکٹر عبدالمجید بن عبداللہ البنیان نے یونیورسٹی ہیڈ کوارٹرز میں پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے 23ویں انٹرپول سمپوزیم کا افتتاح کیا۔ مباحثہ کا عنوان ’’ وبا کے بعد کی دنیا میں قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی تربیت‘‘ تھا۔ اس سمپوزیم میں قریب اور دور دراز کے 78 ملکوں کے ماہرین نے شرکت کی۔ڈاکٹر البنیان نے وضاحت کی کہ نائف عرب یونیورسٹی برائے سکیورٹی سائنسز انٹرپول کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کو بہت اہم سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا مشترکہ کوششوں کا براہ راست اثر سکیورٹی صلاحیتوں کو بڑھانے اور منظم اور سرحد پار جرائم کا مقابلہ کرنے پر ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس کے اداروں کی کامیابی ان کے تربیتی پروگراموں کی نوعیت اور فیصلے کرنے کی صلاحیت سے منسلک ہے۔ کامیابی کا انحصار حقائق اوراعداد و شمار کی بنیاد پر پروگرام کولاگو کرنے کے طریقے سے بھی ہوتا ہے۔