سعودی نے مغربی ممالک کی فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا

   

ریاض۔22 ستمبر (ایجنسیز) سعودی عرب نے برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور پرتگال کے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ امن عمل کو آگے بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ سعودی عرب نے کہا کہ اس اقدام سے دوستانہ ممالک کی سنجیدہ وابستگی ظاہر ہوتی ہے جو بین الاقوامی قانونی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کے لیے کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جیسا کہ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے ) نے رپورٹ کیا۔ اس نے مزید کہا کہ امید ہے کہ مزید ممالک بھی اس کی پیروی کریں گے اور ایسے مثبت اقدامات کریں گے جو فلسطینی عوام کو امن کے ساتھ زندگی گزارنے کے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد دیں اور فلسطینی حکام کو اپنے فرائض انجام دینے کے قابل بنائیں، ایس اپی اے نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے والے منصفانہ اور جامع حل کے حق میں اپنا موقف دہرایا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور پرتگال نے اتوار کے روز فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا، جو مغربی خارجہ پالیسی میں دہائیوں کے بعد ایک اہم تبدیلی ہے۔ برطانیہ اورکینیڈا پہلے جی7 ممالک بن گئے ہیں جنہوں نے یہ قدم اٹھایا، جبکہ فرانس اور دیگر ممالک متوقع ہیں کہ وہ اسے نیویارک میں ہونے والی سالانہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران تسلیم کریں گے، جو پیر سے شروع ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، قطر نے بھی پیر کے روز برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور پرتگال کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اقدام خطے میں دیرپا امن حاصل کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔