ریاض :سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسجد الحرام میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے لیے مخصوص دروازوں کو استعمال کریں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت کا کہنا تھا کہ اس سے ہجوم کے نظم و نسق میں مدد ملتی ہے اور عمرہ زائرین و نمازیوں کے لیے عبادات کی ادائیگی کو آسان بنایا جاتا ہے ۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ دروازوں کی تخصیص کا مقصد بھیڑ اور دھکم پیل کو کم کرنا اور حرم شریف کے اندر نقل و حرکت کی روانی کو برقرار رکھنا ہے ۔یہ اقدام زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے اور ان کے روحانی سفر کو سہل بنانے کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے ۔یاد رہے کہ سعودی عرب میں ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال 2023 کے مقابلے میں 2024 کی چوتھی سہہ ماہی کے دوران زائرین کی تعداد میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ گزشتہ برس مملکت آنے والے عمرہ زائرین کی مجموعی تعداد 35.8 ملین رہی جوکہ سابقہ برسوں کے مقابلے میں 26 فیصد زائد ہے ۔
گزشتہ برس کے دوران بیرون مملکت سے آنے والے مرد عمرہ زائرین میں 2.6 ملین 49 فیصد جبکہ خواتین کی تعداد 2.7 ملین 51 فیصد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق بیرون مملکت سے آنے والے 21 فیصد دیگر ویزوں پر مملکت پہنچے جن میں سے 11.8 فیصد ڈیجیٹل وزٹ ویزے پر تھے جبکہ 65 فیصد عمرہ ویزے پر آئے ۔اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس آنے والے 2.3 فیصد عمرہ زائرین کا تعلق خلیجی ممالک سے تھا۔اندرون مملکت سے گزشتہ برس کی چوتھی سہہ ماہی میں عمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی جو کہ سال 2023 کے مقابلے میں 44.4 فیصد زیادہ ہے ۔ سعودی عمرہ زائرین کی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار جبکہ غیرملکی 18 لاکھ تھے ۔