پاکستان کے متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا دورے کا اہم مقصد
اسلام آباد ، 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر توانائی و صنعت و معدنی وسائل خالد الفالح نے آج پاکستان میں گوادر بندرگاہ کا دورہ کیا۔ اُن کے پاکستان پہنچنے پر استقبال میں میزبان وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر بندرگاہ علی زیدی ، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں موجود خادم الحرمین شریفین کے نائب سفیر حبیب اللہ بخاری موجود تھے۔ اس دورہ کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنا، پاکستان میں ریفائننگ، پیٹروکیمیکل، کانکنی اور قابلِ تجدید توانائی کے میدان میں سرمایہ کاری اورتعاون کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کی حتمی شکلوں کے حوالے سے بات چیت کرنا، گوادر بندرگاہ میں پائے جانے والے امکانات اور منصوبوں پر آگاہی حاصل کرنا، دونوں ممالک کے مابین برآمدات کو بڑھانے کے راستوں پر غور کرنا، پرائیوٹ سیکٹر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے حوصلہ افزائی کرنا اور اُن کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے اقدامات کو آسان بنانا ہے۔ الفالح نے پہنچتے ہی وزیر پٹرولیم اور وزیر بندرگاہ سے انرجی، صنعت اور معدنی وسائل کے میدانوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے شعبوں اور اُن میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے غوروخوض کرنے کیلئے میٹنگ کی۔ نیز دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرنے کیلئے دونوں ممالک کے مابین برآمدات بڑھانے کی صورتیں زیر غور آئیں اور پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کیلئے اقدامات کو آسان بنانے پر بھی بات کی گئی۔ اِس کے بعد سعودی وزیر نے گوادر بندرگاہ کا دورہ کیا جہاں اُْنہوں نے بندرگاہ میں شراکت داری کے امکانات پر آگاہی حاصل کی اور گوادر بندرگاہ کے حوالے سے مستقبل کے منصوبوں اور وہاں پر انجام دیئے جانے والے پروگراموں کے بارے میں بندرگاہ کے افسران سے بریفنگ سنی۔