ریاض ۔ 2 نومبر (ایجنسیز) سعودی عرب کے وزیرِ ثقافت، شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے مصر میں عظیم مصری میوزیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ شہزادہ بدر بن عبداللہ نے مصر میں عظیم میوزیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی نمائندگی کی۔مصر نے آج اپنی جدید تاریخ کے سب سے بڑے ثقافتی منصوبے کا افتتاح کیا، جو اہرامِ جیزہ کے قریب واقع ہے۔ اس عظیم الشان میوزیم میں ایک لاکھ سے زائد نوادرات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں جو مصری تہذیب کی تاریخ کو عہدِ ما قبل تاریخ سے لے کر بطلیموسی دور تک محیط کرتی ہیں۔ میوزیم کا مرکزی دروازہ، جسے “بھو عظیم” کہا جاتا ہے آنے والے مہمانوں کا استقبال ایک معلق مسلہ اور فرعون رامسیس دوم کے مجسمے کے ساتھ کرتا ہے۔اسی طرح “عظیم زینہ” کے نام سے موسوم ہال میں قدیم مصری بادشاہوں کے مجسمے تاریخی ترتیب کے ساتھ رکھے گئے ہیں، جبکہ خوفو کشتی میوزیم میں سورج کی وہ نایاب کشتیاں موجود ہیں جنہیں 2021ء میں دنیا کی سب سے پیچیدہ آثارِ قدیمہ کی منتقلی کے عمل کے ذریعے یہاں منتقل کیا گیا۔میوزیم کی افتتاحی تقریب میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے شرکت کی، جس میں 79 سرکاری وفود شریک ہوئے۔ ان میں سے 39 وفود کی قیادت فرمانرواؤں، شہزادوں، سربراہانِ مملکت اور وزرائے اعظم نے کی۔
صدر عبدالفتاح السیسی نے تقریب کے شرکاء اور مصری عوام کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ میں اپنی گفتگو کا آغاز آپ سب کو اس سرزمین پر خوش آمدید کہنے سے کرتا ہوں جو تاریخ میں سب سے قدیم ریاست کے طور پر جانی جاتی ہے۔دوسری جانب مصر کے وزیرِ سیاحت و آثارِ قدیمہ ڈاکٹر شریف فتحی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ اور الحدث ڈاٹ نیٹ سے گفتگو میں کہا کہ عظیم مصری میوزیم جدید دور میں مصر کے عظیم ترین ثقافتی، تہذیبی اور سیاحتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔