سعودی وزیر خارجہ کا آج دورہ پاکستان

   

ریاض : سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کل منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔پیر کو پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔‘شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ک ہمراہ سعودی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران کا وفد ہوگا۔دورے کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ باہمی تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان نے رواں سال مئی میں وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سیاسی، معاشی، تجارتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔اس سے قبل سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروری 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کا تسلسل ہے۔