ریاض؍ لندن: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹامر کے درمیان پیر کے روز ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ اس موقع پر شہزادہ محمد نے ملک کا نیا وزیر اعظم بننے پر اسٹامر کو مبارک باد بھی دی۔سعودی ولی عہد اور برطانوی وزیر اعظم نے دونوں برادر ملکوں اور ان کے عوام کے درمیان امتیازی تعلقات اور تمام شعبوں میں ان کی مضبوطی اور ترقی کی کوششوں کو سراہا۔بات چیت میں اسٹامر نے علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے سعودی ولی عہد کے کردار کی ستائش کی۔ برطانوی حکومت کے مطابق دونوں شخصیات نے تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔