سعودی ولیعہد اور مصری صدر کا تعاون بڑھانے پر غور

   

ریاض : سعودی ولیعہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے پیر کے روز جدہ میں سحری کے دستر خوان پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ سعود پریس ایجنسی کے مطابق ولیعہد نے مصری صدر کی سعودی عرب آمد پر ان کا خیرمقدم کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ ایئرپورٹ پر عبد الفتاح السیسی کااستقبال کیا۔ اس دوران مصری صدر نے ولی عہد کی جانب سے مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ محمد بن سلمان اور السیسی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی اور تاریخی دوطرفہ تعلقات، مشترکہ تعاون کے امکانات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں ہونے والی پیشرفت اور اس کے لیے کی جانے والی کوششوں پر گفت و شنید کی گئی۔ مشترکہ تشویش کے تمام مسائل پر بھی بات چیت کی۔ ملاقات میں سعودی وزیر مملکت، وزراء کونسل کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسیٰ بن محمد العیبان اور سعودی وزیرمملکت، وزراء کونسل کے رکن ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے بھی شرکت کی۔ مصر کی جانب سے انٹیلی جنس سروس کے سربراہ میجر جنرل عباس کامل بھی اس موقع پر موجود تھے۔