سعودی ولیعہد اور ٹرمپ کی بات چیت

   

تیل کی پیداوار میں کمی کا امکان، عنقریب معاہدہ متوقع
واشنگٹن۔2اپریل( سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ان کی بات چیت ہوئی، وہ تیل کی پیداوار سے متعلق روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے گفتگو کرچکے ہیں۔امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ محمد بن سلمان اور ولادیمیرپوٹن نے تیل کی پیداوار کے حوالے سے بات چیت کی، امید ہے دونوں تیل کی پیداوار میں 10ملین بیرل کی کمی کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 10ملین بیرل یا زیادہ کمی ہوئی تو یہ تیل اور گیس صنعت کیلئے بہتر ہوگا۔خیال رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافہ قیمتوں پر ممکنہ معاہدے کی امید پر ہوا۔ جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور سعودی عرب میں قیمتوں پر معاہدہ جلد متوقع ہے۔