سعودی ولیعہد سے شہباز شریف کی اقتصادی صورتحال اور سکیورٹی پر بات چیت

   

جدہ : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے گزشتہ رات پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جدہ کے قصر السلام میں ملاقات کی، اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے تاریخی تعلقات، دوطرفہ تعاون کے امکانات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقومی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت و کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب وزیراعظم آفس کے پریس وِنگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے عوام کے درمیان روابط، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم اور ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ترقی و خوشحالی کے مشترکہ ویژن کی رہنمائی میں پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔جمعرات کی صبح وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آج جدہ میں ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔ ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر انتہائی نتیجہ خیز بات چیت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل سپورٹ کے حوالے سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہماری پائیدار دوستی اور خوشحالی کا مشترکہ وڑن دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جا رہا ہے اور اسے باہمی طور پر مفید معاشی شراکت داری میں تبدیل کر رہا ہے۔وزیراعظم نے مشرق وسطی اور یوکرین میں امن لانے کے حوالے سے سعودی ولی عہد اور مملکت کے اہم کردار کی تعریف کی۔قبل ازیں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روزاعلٰی سطح کے وفد کے ہمراہ چار روزہ دورہ پر سعودی عرب پہنچے، تو مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز آل سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔