نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوٹیرس نے سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے گفتگو میں یمن کے بحران کے حل کے لئے فریقین کے درمیان جنگ بندی کروانے کی سعودی کوششوں کو سراہا ہے۔عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے جمعرات کو سعودی ولیعہد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔اس دوران دونوں شخصیات نے تازہ ترین علاقائی و عالمی حالات و واقعات اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے کردار پر بات چیت کی۔واضح رہے کہ گلف تعاون تنظیم (جی سی سی) نے گزشتہ ماہ یمن کے تمام سیاسی، قبائلی اور مذہبی زعماء ، صحافیوں، سماجی کارکنوں، معاشی ماہرین اور غیرسرکاری تنظیموں کے نمائندوں کو یمن کے مسائل کے جائزے اور ان کا حل تجویز کرنے کے لئے مدعو کیا تھا۔ ایرانی پشت پناہی سے یمن میں سرگرم حوثیوں کے علاوہ سینکڑوں لوگوں نے ان امن مذاکرات میں شرکت کی اور جنگ زدہ ملک میں امن و استحکام لانے کے لئے ہونے والے مذاکرات کا حصہ بنے۔اس مشاورت کے نتیجہ میں ایک آٹھ رکنی صدارتی لیڈرشپ کونسل قائم کی گئی جس کی سربراہی راشد العالمی کر رہے ہیں۔