سعودی ولیعہد کا خشوگی قتل کیس میں استثنیٰ کا دعویٰ

   

ریاض : سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے وکلاء نے عدالت کو بتایا ہے کہ چونکہ شہزادہ سلمان کو اب وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے، اس لیے صحافی جمال خشوگی قتل کے مقدمے میں انہیں استثنیٰ حاصل ہے۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وکلاء نے 3اکتوبر پیر کے روز ایک امریکی عدالت کو بتایا کہ چونکہ ولی عہد کو اب سلطنت کا وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے، اس لیے انہیں اب یقینی طور پر کسی بھی عدالتی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہے۔ واضح رہے کہ 2018ء میں سعودی صحافی جمال خشوگی کو قتل کر دیا گیا تھا اور اس سلسلے میں سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خلاف امریکہ کی ایک عدالت میں قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ سعودی ایجنٹوں نے صحافی جمال خشوگی کو استنبول کے سعودی قونصل خانے میں ایک آپریشن کے تحت قتل کر دیا تھا۔ امریکی انٹلیجنس کا خیال ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے ہی ان کے قتل کا حکم دیا تھا، جو گزشتہ کئی برس سے مملکت کے عملی حکمران بھی ہیں۔