سعودی ولیعہد کا دورہ خلیجی مکمل‘ تعلقات مضبوط بنانے پر زور

,

   

ریاض : خلیجی دورہ مکمل کرکے سعودی عرب کے ولیعہدشہزادہ محمد بن سلمان کویت سے وطن واپس پہنچ گئے۔ ولی عہد بحرین سے اپنی آخری خلیجی منزل کویت جمعہ کی صبح پہنچے تھے جہاں کویت کے ولی عہد نے ان کا استقبال کیا۔ کویت کے ولی عہد الشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ بیان پیلس چلے گئے۔ جہاں انہوں نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ کویت کے امیر نے سعودی ولی عہد کو مبارک الکبیر تمغہ کویت کے اعلیٰ ترین اعزازات سے نوازا۔ اس دورے میں دو طرفہ تعاون، مشترکہ دلچسپی کے امور اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر موقف کو یکجا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے باور کرایا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے دورے کا مقصد خلیج کے مشترکہ عمل کی راہ کو مضبوط بنانا ہے۔ جمعہ کے روز اپنی ٹوئٹ میں بن فرحان نے کہا کہ سعودی ولیعہد کا یہ دورہ ایک خلیج اور مشترکہ راہ عمل کو ظاہر کرتا ہے۔