سعودی ولیعہد کی امریکی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات

,

   

ریاض : امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ سلیوان نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی مشیروں کے ساتھ بھی مشرق وسطیٰ کے حالات پر بات چیت کی ہے۔امریکہ اور سعودی عرب کے مابین جاری کشیدگی کے درمیان وائٹ ہاوس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے جدہ میں سعودی ولی عہد اور عملاً حکمراں محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ ملاقات اتوار کی رات کو ہوئی جس میں دونوں رہنماوں نے اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کے دوران دیگر امریکی عہدیدار بھی موجود تھے۔ایس پی اے کے مطابق جیک سلیوان کی بعد میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زائد النہیان کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئیں۔وائٹ ہاوس کی طرف سے جاری ایک بیان میں ان ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد ” ایک زیادہ مستحکم اور محفوظ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے مشترکہ سوچ کے متعلق انڈیا اور دنیا بھر سے اس کے تعلق پر بات چیت کرنا تھی۔ بیان میں اس کی مزید تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔دوسری طرف سعودی عرب کی جانب سے ان ملاقاتوں کی کوئی ویڈیو یا تصویریں فوری طورپر جاری نہیں کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے کالم نویس جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں 2018 میں قتل کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے انتخابی مہم کے دوران سعودی عرب کو ‘اچھوت’بناکر رکھ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کا خیال ہے کہ خاشقجی کا قتل سعودی ولی عہد کی ہدایت پر کیا گیا تھا تاہم ریاض اس الزام کی تردید کرتا ہے۔