حیدرآباد۔23اکٹوبر(سیا ست نیوز) حکومت سعودی عرب کی جانب سے ویزا فیس میں کئے جانے والے اضافہ سے کئی مسلم ممالک کے علاوہ معتمرین اور عازمین حج میں شدید ناراضگی پیدا ہونے لگی ہے کیونکہ حکومت سعودی عرب نے جو ویزا فیس میں اضافہ کیا ہے وہ غیر معمولی ہے۔ذرائع ابلاغ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حکومت کی جانب سے اضافہ شدہ فیس کا جائزہ لینے پر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ موجودہ فیس سے 6 گنا اضافہ ہے جو کہ ناقابل قبول تصور کیا جا رہاہے۔ سعودی عرب کی جانب سے کئے جانے والے اس فیصلہ کے سبب عازمین حج اور معتمرین کے علاوہ تجارتی برادری بھی متاثر ہوگی کیونکہ حکومت نے مجموعی اعتبار سے تمام ویزوں کی فیس میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور اس اضافہ کا اثر ہر زمرہ کے مسافرین پر ہوگا۔ سنگل ویزٹ کیلئے جو ویزا فی الحال 93 امریکی ڈالر کا ہوتا تھا وہ اب 533 ڈالر کا ہوگا جبکہ 6 ماہ کی مدت کیلئے جو ویزا جاری کیا جاتا ہے اس کی فیس 800ڈالر ہوگی۔ ایک سال کے متعدد مرتبہ ویزٹ والے ویزا کیلئے سعودی حکومت کو اب 1333 امریکی ڈالر ادا کرنے ہوں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ مقدس سفر حج اور عمرہ کیلئے سعودی عرب پہنچنے والے مسافرین کو اس اضافہ سے مستثنی قرار دینے پر غور کیا جا رہاہے لیکن اب تک اس بات کو قطعیت نہیں دی گئی ہے جس کے سبب سفر عمرہ اور سفر حج کی قیمت میں زبردست اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔