مکہ مکرمہ ۔ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ پولیس نے کاغذی کارروائی کی جگہ آن لائن کارروائی کا نظام جاری کرکے اسمارٹ پولیس پروگرام متعارف کروادیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق مکہ کلچرل فورم کے پلیٹ فارم سے اس کا اہتمام کیا گیا۔ اسمارٹ پولیس پروگرام کی بدولت اسمارٹ پروگرام سے مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور زائرین سب کو فائدہ ہوگا۔سمارٹ آلات کے ذریعے فیلڈ میں کسی بھی شخص کی شناخت کی جاسکے گی۔ رپورٹ آن لائن ہوسکے گی۔ ای پلیٹ فارم کے ذریعے پبلک پراسیکیوشن کو مختلف اداروں کے ساتھ مربوط کردیا جائے گا۔ سعودی شہری مقیم غیرملکی اور زائرین آن لائن رپورٹ کرکے آن لائن ہی پیروی کرسکیں گے۔ کسی بھی مشتبہ شخص کو کہیں بھی روک کر اس کی شناخت لمحوں میں ہوجائے گی۔ اس سے وقت، محنت اور پیسے کی بچت ہوگی۔ نئے نظام کے ذریعے پولیس اسٹیشن قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات تیزی سے فراہم بھی کرسکیں گے اور وصول بھی کرسکیں گے۔یاد رہے کہ مکہ کلچرل فورم گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے شروع کیا ہے۔ اس کا مقصد ڈیجیٹل ورلڈ میں مثالی شخصیت اور مثالی کام کے تصور کو رائج کرنا ہے۔