سعودی پہلی مرتبہ صندل کے پودے اگانے میں کامیاب

   


ریاض ۔ سعودی عرب نے کافی محنت و تحقیق کے بعد بالاخر صندل کے پودے اگانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ جازان علاقے کی فیفا کمشنری میں پہلی بارکامیابی سے صندل کے پودوں کی کاشت کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی میں گزشتہ ایک برس سے صندل کی کاشت کے لئے متعلقہ ادارے کوشش کررہے تھے جس کے لیے مختلف مقامات کا انتخاب کیا گیا مگر کامیابی نہیں ہوئی۔ صندل کے پودے ملایشیا اور ہندوستان سے لائے گئے تھے۔ صندل کے پودے اگانے کے لئے جازان کے علاقے کا انتخاب کیا گیا اس ضمن میں جازان یونیورسٹی کے شعبہ زراعت اور دیگر اداروں کے تعاون سے تحقیق کو آگے بڑھایا گیا۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے متفقہ طور پر جازان ریجن کی فیفا کمشنری کو صندل کے پودے لگانے کے لیے موزوں قراردیا جس کے بعد وہاں صندل کے پودوں کو تجرباتی طور پر اگانے کی مہم کا آغازکیاگیا۔ پودوں کی کاشت کاری میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب دیگر مقامات پر بھی صندل کے پودے اگائے جائیں گے۔ اس حوالے سے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ صندل کے پودوں کی کاشت کے لئے پہاڑی علاقے بہتر ہوتے ہیں۔ صندل کے پودے اگانے کے لئے محکمہ زرارعت اور یونیورسٹی کے شعبہ زراعت نے مل کر کام کیا اس مقصد کے لیے مخصوص مٹی اور کھاد میں درآمدکی گئی۔