ریاض ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی قیادت میں منعقد ہ کابینہ اجلاس میں سعودی سنٹرل بینک کا نظام وضع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سعودی مالیاتی اتھارٹی کا نام تبدیل کرکے سنٹرل بینک رکھا جائے گا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنٹرل بینک کی وہی ذمہ داریاں ہوں گی جو مالیاتی اتھارٹی کی ہیں۔ سنٹرل بینک کرنسی کے استحکام اور مالیاتی اعتماد بحال رکھنے کے علاوہ معیشت کی بہتری کے لئے کام کرے گا۔ سنٹرل بینک ہی ملک کی کرنسی کے حوالے سے پالیسیاں مرتب کرے گا۔ کابینہ نے سنٹرل بینک کا بین الاقوامی دائرہ کار بھی واضح کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت سنٹرل بینک کو اصطلاحات ساما ہی کہا جائے گا کہ اس کی ایک تاریخی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہے۔ملک میں رائج موجودہ کرنسی نوٹ جن پر سعودی مالیاتی اتھارٹی لکھا ہے برقرار رہیں گے۔ سعودی کابینہ نے ابشر کے ذریعہ فرجت مہم جس کے تحت قیدیوں کے واجبات ادا کرنے کے لیے عطیات جمع کیے جاتے ہیں اس کے ضوابط متعین کئے ہیں۔کابینہ نے جی 20 سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور تسلی بخش نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔