ریاض ۔ (کے این واصف ) سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے کپتان سلمان الفرج ارجنٹینا کے خلاف میچ میں زخمی ہوگئے تھے۔ اس سلسلے مین سعودی فٹبال آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ ٹیم کوچ ایرفی رینارڈ کی جانب سے کیمپ چھوڑنے کی اجازت دیے جانے کے بعد سلمان الفرج فیفا ورلڈ کپ میں ٹیم کے ساتھ آئندہ میچ میں شامل نہیں ہوں گے۔اس طرح سلمان الفرج کا قومی ٹیم کے ساتھ ورلڈکپ کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ واضح رہے کہ سلمان الفرج کی جگہ اب سالم الدوسری کپتان مقررکئے گئے ہیں۔ سعودی قومی ٹیم کے کوچ نے سلمان الفرج کو میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پرکیمپ چھوڑنے کی اجازت دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سلمان الفرج کوعلاج کی ضرورت ہے اور وہ قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے سکتے۔ شیڈول کے مطابق سعودی ٹیم چہارشبنہ 30 نومبر کو اپنے گروپ کا تیسرا میچ میکسیکو کیخلاف دوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔سعودی عرب کو ورلڈ کپ کے آئندہ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے میکسیکو کے خلاف کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔