سعودی کی قیادت والی اتحادی فوج کو ہتھیار فروخت نہ کئے جائیں : ایمنسٹی

   

قاہرہ۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک بین الاقوامی دائیں بازو کے گروپ نے مغربی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ یمن میں جو بھی فریقین خانہ جنگی میں شامل ہیں، انہیں ہتھیار فروخت کرنے کا سلسلہ بند کردیا جائے کیونکہ حالیہ دنوں میں ایسی رپورٹس مل رہی ہیں کہ ہتھیار انتہا پسند گروپس کے ہاتھوں میں جارہے ہیں جن کا وہ غلط استعمال کررہے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے آرمس کنٹرول و انسانی حقوق کے محقق پیٹرک ولکین نے چہارشنبہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی حمایت والے ملیشیا عام شہریوں کے لئے خطرہ بنتے جارہے ہیں اور یمن میں انسانی بحران کو بدترین کرنے میں بھی ان کا ہی ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اور امریکی ہتھیار القاعدہ اور دولت اسلامیہ کے جنگجو استعمال کررہے ہیں۔ سعودی کی قیادت والی اتحادی فوج جس میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے، یمن میں حوثی باغیوں کے ساتھ 2015ء سے حالت جنگ میں ہے۔