سعودی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا، پائلٹ ہلاک۔ باغیوں کا دعویٰ

   

صنعا ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں حوثی باغیوں کے ترجمان کے مطابق آج جمعہ کو سعودی عرب کی سرحد کے قریب ایک سعودی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں دو سعودی پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ فوجی ترجمان، یحییٰ ساریہ کے مطابق، ایک سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر کو زمین سے ہوا میں فائر کیے گئے میزائل کے ذریعے گرایا گیا اور ہیلی کاپٹر میں مکمل طور پر ایگ لگنے سے دونوں پائلٹ ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب سعودی زیر قیادت فوجی اتحاد کی طرف سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
قیمتی نوادرات کے چور کی اطلاع پر پانچ لاکھ یورو کا انعام
برلن ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی جرمن شہر ڈریسڈن کے میوزیم گرین والٹ (گرْوئنس گیوؤلبے) میں پچیس نومبر کی صبح قیمتی نوادرات کی چوری کی واردات پیش آئی۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے چوروں کے بارے میں کسی قسم کی اطلاعات دینے کے عوض نصف ملین یورو تک کی رقم کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق چور میوزیم میں موجود اٹھارہویں صدی کے بیشتر قیمتی زیورات کے کم از کم تین سیٹ چرانے میں کامیاب رہے۔ عجائب گھر کے اندر یہ چور ایک کھڑکی سے داخل ہوئے اور پھر واردات مکمل کرنے کے بعد ایک گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔