سعید آباد سے نوجوان کی گرفتاری ‘ پوچھ تاچھ کے بعد رہائی

   

حیدرآباد ۔ /9 جولائی (سیاست نیوز) سعیدآباد علاقہ سے ایک نوجوان کو حراست میں لئے جانے کے بعد سنسنی پھیل گئی ۔ ٰذرائع نے بتایا کہ گجرات کے مجرمانہ سازش مقدمہ میں بری اعجاز عرف چھوٹا اعجاز کو سادہ لباس میں ملبوس پولیس عہدیداروں نے آج صبح حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 5 جولائی کو گجرات کے سابق وزیر داخلہ ہرین پانڈیا قتل کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے تمام ملزمین کو قصور وار قرار دینے کے بعد انٹلیجنس عملہ چوکس ہوگیا اور اس قسم کے مقدمات میں مبینہ ملوث افراد سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ چھوٹے اعجاز کو گجرات پولیس نے DCB-6 (مجرمانہ سازش) کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا لیکن /12 جنوری 2010 ء کو گجرات کی خصوصی پوٹا عدالت نے 44 ملزمین منجملہ مولانا نصیرالدین ، چھوٹا اعجاز ، زبیر شریف اور دیگر کو بری کردیا تھا ۔ گجرات حکومت نے اسکے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل داخل کی تھی اور تمام ملزمین کو نوٹس جاری کی گئی تھی ۔ ذرائع نے بتایا کہ اعجاز کو حراست میں لئے جانے کے بعد اس کی کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی گئی اور بعد ازاں رہا کردیا گیا ۔