قاتل کا اعتراف جرم ، مقتولہ اور قاتل کی شراب خانہ میں ملاقات کے بعد کارستانی
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): حیدرآباد سٹی پولیس نے سعید آباد کے سنسنی خیز خاتون کیس کو حل کرلیا اور قاتل کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون اور سعید آباد پولیس ٹیم کی مشترکہ کارروائی میں قاتل 38 سالہ رماوت شکرو نائیک متوطن پولیا نائیک تانڈہ چندم پیٹ نلگنڈہ کو گرفتار کرلیا ۔ یاد رہے کہ 13 ستمبر کو 43 سالہ انجماں کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا اور قاتل نے نعش کو بی ایس این ایل کوارٹرز کے قریب پھینک دیا تھا ۔ خاتون کو عصمت ریزی کے بعد اس کے سر پر وزنی پتھر سے وار کرتے ہوئے اس کا قتل کیا گیا اور قاتل نے پولیس کے مطابق اپنے جرم کو قبول کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مقتولہ 11 ستمبر کے دن اس کی بھانجی کے مکان واقع چنتل سعید آباد سے نکلی تھی جو واپس نہیں آئی ۔ اور 13 کو اس خاتون کی نعش کو برآمد کیا گیا ۔ پولیس نے اس کیس کی یکسوئی اور قاتل کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا تھا ۔ اور تقریبا 300 سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی واردات کے مقام سے چمپا پیٹ تک کیمروں کے علاوہ سیل ٹاور لوکیشن ہر پہلو کی جانچ کی گئی ۔ اور ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے اقدام کیا ۔ پولیس شکرو نائیک کے حیدرآباد آنے کی منتظر تھی شکرو حیدرآباد شادی خانوں میں کام کرنے کے لیے آتا تھا ۔ اور انجماں بھی شادی خانوں میں کام کرتی تھی ۔ 11 ستمبر کو دونوں کی ملاقات ایک شراب خانے کے قریب ہوئی اور قاتل نے مقتول کو شراب نوشی کی پیشکش کی اور جنسی خواہش کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ دونوں نے سنسان جگہ بی ایس این ایل کوارٹر پہونچکر مئے نوشی کی جس کے بعد شکرو نے انجماں سے جنسی خواہش پوری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ لیکن خاتون نے انکار کردیا ۔ اور اس نے زبردستی کرتے ہوئے خاتون کی عصمت ریزی کی جس کے بعد خاتون نے برہمی کے عالم میں شکرو کا سیل فون توڑ دیا اور روتے ہوئے چیخ و پکار کرنے لگی اور شکرو کو گالیاں دینے لگی اس بات پر برہم شکرو نے وزنی پتھر سے خاتون پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ پولیس نے گرفتار قاتل کو عدالتی تجویل میں دے دیا ۔۔