سعید آباد میں ڈی جے ایس کا تربیتی کیمپ بند

   

پولیس کا اقدام ۔ نوجوانوں کو تربیت سے روک دیا گیا
حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) سعیدآباد علاقہ میں آج اُس وقت ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی جب پولیس نے درسگاہ جہاد و شہادت (ڈی جے ایس) کو حفاظت خود اختیاری کیمپ کے انعقاد سے روک دیا اور علاقہ میں بھاری پولیس فورس کو تعینات کردیا۔ ڈی جے ایس نے 11 جولائی کو ہجومی تشدد کے پس منظر میں خصوصی ٹریننگ کیمپ کا آغاز کیا تھا جس میں 100 سے زائد کم عمر نوجوان تربیت حاصل کررہے تھے۔ صدر ڈی جے ایس محمد عبدالماجد اور تنظیم کے دیگر ارکان نوجوانوں کو کراٹے، لاٹھی کی تربیت دے رہے تھے۔ پولیس نے آج حضرت اُجالے شاہ عیدگاہ گراؤنڈ کے گیٹس بند کردیئے اور تربیتی کیمپ کے انعقاد کو روک دیا ۔ پولیس نے علاقہ میں گاڑیوں کی تلاشی کے علاوہ پولیس گشت میں شدت پیدا کردی تھی جس کے نتیجہ میں عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس کی اِس کارروائی کے خلاف صدر وحدت اسلامی مولانا نصیرالدین نے اُجالے شاہ عیدگاہ گراؤنڈ پہونچ کر اپنا احتجاج درج کروایا اور عیدگاہ کے گیٹس کو کھول کر اندر داخل ہوئے۔ انسپکٹر سعیدآباد کے سرینواس سے ربط کئے جانے پر اُنھوں نے کہاکہ پولیس کی بغیر اجازت ٹریننگ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا تھا جو غیرقانونی ہے۔ احتیاطی اقدامات کے تحت علاقہ میں فورس کو متعین کیا گیا ہے اور بعض افراد پر نظر رکھی جارہی ہے۔