سعید آباد کی خواتین پر ملک سے غداری کا مقدمہ

   

حیدرآباد ۔ /15 نومبر (سیاست نیوز) بابری مسجد ملکیت تنازعہ پر سپریم کورٹ فیصلہ کے خلاف قنوت نازلہ کا اہتمام کرنے والی سعیدآباد کی خواتین پر پولیس نے ملک سے غداری ، اشتعال انگیزی اور منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو عصر میں خواتین نے اجالے شاہؒ عیدگاہ میدان میں قنوت نازلہ کا اہتمام کیا تھا اور بعض خواتین نے میڈیا سے خطاب کیا اور جمہوری انداز میں نعرہ بازی کی تھی ۔ پولیس نے اس کی ویڈیو حاصل کر کے تعزیرات ہند کے دفعہ 124A ، 153A, B اور 295A کے تحت مقدمہ درج کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے ازخود کارروائی کرکے مقدمہ درج کیا اور ایف آئی آر نمبر 414/2019 میں مولانا عبدالعلیم اصلاحی کی دو دختران شبستہ اور ظلہ ھمہ کے نام شامل کئے ۔ ایف آئی آر کے بموجب خواتین نے قنوت نازلہ پروگرام میں دونوں فرقوں کے درمیان مبینہ طور پر منافرت پھیلانے اشتعال انگیز بیان بازی کی ہے جس پر انکے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ واضح رہے کہ جمعرات کو پولیس نے خواتین کو قنوت نازلہ ادا کرنے مشروط اجازت دی تھی جس کے بعد 70 خواتین نے عیدگاہ اجالے شاہؒ میں نماز ادا کی تھی ۔ پولیس نے بعض خواتین پر سپریم کورٹ فیصلہ کے خلاف بیان اور اراضی کے سلسلے میں اشتعال انگیز نعرہ بازی کا الزام عائد کیا ۔ پولیس نے پروگرام کی ویڈیو گرافی کی اور بطور ثبوت ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ۔ انسپکٹر سعیدآباد کے سرینواس نے میڈیا کو بتایا کہ قابل اعتراض بیان و اشتعال انگیز نعرہ بازی پر خواتین کیخلاف کارروائی کی گئی اور تحقیقات جاری ہیں ۔