سعید آباد کے خانگی اسکول کی زیر تعمیر عمارت میں دھماکہ

,

   

Ferty9 Clinic

علاقہ میں سنسنی ، چٹانوں کو توڑنے دھماکو اشیاء کا استعمال، مقدمہ درج
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز)سعید آباد ایل آئی سی کالونی میں آج اسوقت سنسنی پھیل گئی جب ایک خانگی اسکول کی عمارت کی تعمیر کے دوران ایک دھماکہ ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ آج صبح 10:30 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک اسکول کی عمارت کیلئے تعمیر کئے جانے والے سیلار کی چٹانوں کو توڑنے کیلئے دھماکو اشیاء کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجہ میں ایک زبردست دھماکہ ہوا اور چٹانوں کے ٹکڑے علاقہ میں پھیل گئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی عوام نے وہاں پہنچ کر اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وی آئی بی کڈز اسکول کی نئی عمارت کی تعمیر کیلئے سیلار کی کھدوائی کا کام جاری تھا اور اس میں پائی جانے والی چٹانوں کو توڑنے کیلئے ممنوعہ دھماکو اشیاء کا استعمال کیا گیا اور ان اشیاء کے استعمال کیلئے متعلقہ محکمہ جات سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔ انسپکٹر سعیدآباد کے سرینواس کے بموجب چٹانوں کو توڑنے کیلئے اسکول انتظامیہ نے Ideal power 90 دھماکو اشیاء کا استعمال کیا جس کے نتیجہ میں چٹانوں کے ٹکڑے علاقے میں پھیل گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں اطراف و اکناف کے رہائشی مکانات و دکانات اور پارک کی ہوئی کاروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکہ کی شدت کے بعد مقامی عوام خوفزدہ ہوگئی اور زیر تعمیر مقام پر پہنچ کر اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اسی دوران سعیدآباد کے ٹی آر ایس کارپوریٹر سنگی ریڈی سورنا لتا ریڈی بھی مقامی افراد کے ساتھ وہاں پہنچ کر متعلقہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے ربط پیدا کیا اور اس واقعہ کی جانچ کرنے اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس سعیدآباد نے مقامی افراد کی شکایت پر اسکول انتظامیہ اور اس کے منیجنگ ڈائرکٹر مجتبیٰ عامر کے خلاف ایکسپلوزیو سبسٹینسس ایکٹ کی دفعہ 9 اور تعزیرات ہند کی دفعات 336 اور 427 کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکو اشیاء کے استعمال پر دونوں شہروں میں امتناع ہے اور اس کیس کی نوعیت کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کے ماہرین قانون سے مشورہ طلب کیا گیا ہے۔