حیدرآباد۔6 جولائی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا استحکام اور مضبوطی اس کے کارکن ہوتے ہیں جو حقیقی معنوں میں پارٹی کے سپاہی ثابت ہوتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے آج موسی رام باغ، سعید آباد، آئی ایس سدن اور حسینی علم میں ٹی آر ایس کی رکنیت سازی مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے جن فلاحی اسکیمات پر عمل کیا اس کی مثال ملک بھر میں پیش نہیں کی جاسکتی۔ ملک کی دیگر ریاستیں تلنگانہ کی اسکیمات کی ستائش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کا سہرا وزیر اعلی کے چندر شیکھر رائو کے سرجاتا ہے جنہوں نے طویل جدوجہد کے بعد نہ صرف تلنگانہ حاصل کیا بلکہ تمام طبقات کی ترقی پر توجہ مبذول کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں کے سی آر جیسا محرک اور عوامی خدمت گزار چیف منسٹر ملا ہے۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ رکنیت سازی کے موقع پر عوام کے کارناموں سے واقف کروائیں تاکہ پارٹی پر اعتماد بحال ہو۔ چیف منسٹر کی جانب سے رکنیت سازی کے لیے ہر حلقہ میں 25 ہزار ارکان کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی طرح حیدرآباد میں سب سے زیادہ رکنیت سازی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی رکن کی ناگہانی موت کی صورت میں انشورنس سے دو لاکھ روپئے کی رقم حاصل ہوگی۔
