سعید آباد کی بعض خواتین کیخلاف مقدمہ درج

   

ایس آئی ٹی کی شکایت پر پولیس کی کارروائی

حیدرآباد۔10 ۔اگست (سیاست نیوز) سی سی ایس کی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے شکایت درج کئے جانے پر سعید آباد پولیس نے سعیدآباد سے وابستہ بعض خواتین کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم مولانا عبدالعلیم اصلاحی کے مکان واقع جیون یار جنگ کالونی سعید آباد پہنچ کر پیر کے دن ان کی دختران کو سمن تعمیل کرنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ ایس آئی ٹی کے سب انسپکٹر ڈی وجئے کمار اور ان کی ٹیم سعید آباد پہنچ کر نومبر 2019 ء میں درج کئے گئے ملک سے بغاوت کے مقدمہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں عدالت کے سمن تعمیل کرنے کی کوشش کی تھی جس پر مقامی عوام برہم ہوگئی تھی۔ اس کے خلاف ایس آئی ٹی نے سعید آباد پولیس سے ایک شکایت درج کروائی کہ تقریباً 15 خواتین کے ایک گروپ نے انہیں سمن تعمیل کرنے سے روک دیا اور ان کی ڈیوٹی انجام دینے میں رکاوٹ پیدا کی۔ اس درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سعید آباد پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 353 (سرکاری ملازم کوڈیوٹی انجام دینے سے روکنا) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ 2019 ء میں سپریم کورٹ کی جانب سے ایودھیا بابری مسجد تنازعہ کے فیصلہ کے بعد خواتین نے عیدگاہ حضرت اجالے شاہؒ میں قنوت نازلہ اجتماع کا اہتمام کیا تھا ۔ اس پروگرام کے دوران بعض خواتین کی جانب سے تقاریر کئے جانے کا نوٹ لیتے ہوئے پولیس سعید آباد نے از خود کارروائی کرتے ہوئے مولانا عبدالعلیم اصلاحی کی دختران ظل ہما اور شبستہ کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔