سفارتخانہ ہند میں یوم جمہوریہ کی روایتی تقریب

,

   

ریاض (کے این واصف) : سفارتخانہ ہند ریاض میں 72 واں یوم جمہوریہ ہند روایتی طور پر منایا گیا۔ کوویڈ کی پابندیوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے محدود تعداد میں مہمانان کی شرکت کے ساتھ اس تقریب کا اہتمام ہوا۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے سفارتخانہ ہند ریاض پر قومی ترنگا لہرا کر یوم جمہوریہ تقاریب کا افتتاح کیا۔ پرچم کشائی کے بعد سفیرہند نے صدرجمہوریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا جس کے بعد انڈین اسکول کے طلباء وطالبات نے ایک رنگارنگ کلچرل پروگرام بھی پیش کیا۔ یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں معروف تعمیراتی کمپنی شاپورجی پالن جی نے خون کا عطیہ کیمپ کا اہتمام بھی کیا جس کا افتتاح بھی سفیرہند ڈاکٹر اوصاف سعید نے کیا۔ سفارتخانہ سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق حسب روایت 25 جنوری کی شب یوم جمہوریہ ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں محدود تعداد میں ہندوستانی اور سعودی بزنس مین نے شرکت کی۔