دہلی 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان سے ایک خصوصی طیارہ 31 ہندوستانیوں کے ساتھ آج یہاں پہونچا جس میں چند سفارتی عہدیدار اور انڈو تبتن بارڈر پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس طیارہ کے تمام مسافرین قرنطینہ میں بھیج دیئے گئے ہیں۔ قبل ازیں عہدیداروں نے کہاکہ اس طیارہ کے ذریعہ 35 افراد کو ہندوستان لایا گیا۔ کام ایر کا طیارہ 35 مسافرین کے ساتھ 2:40 بجے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچا۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ چار سفارتی عہدیدار، آئی ٹی بی پی کے 26 اہلکار اور ایک شہری بھی مسافرین میں شامل تھے۔ ان تمام کے طبی نمونے بغرض معائنہ حاصل کرلئے گئے۔ رپورٹ موصول ہونے تک اُنھیں قرنطینہ میں اُٹھا جائے گا۔ انڈو تبتن بارڈر پولیس کو افغان دارالحکومت کابل میں واقع اصل ہندوستانی سفارت خانہ کے علاوہ ہیرات، قندھار، جلال آباد اور مزار شریف میں واقع چار قونصل خانوں پر پہرہ دینے کیلئے تعینات کیا جاتا ہے۔ آئی ٹی بی پی کے اہلکاروں نے تمام مسافرین کا طبی معائنہ کیا اور جسمانی حرارت درج کیا۔قبل ازیں اٹلی کے شہر روم سے بھی 481 ہندوستانیوں کو واپس لایا گیا تھا۔