شیومکینت، 26 اگست (آئی اے این ایس) ہندوستان کی نشانہ باز سفت کور سمرا نے منگل کو یہاں ایشیائی نشانہ بازی چمپئن شپ میں خواتین کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشنز ایونٹ میں شاندارکارکردگی دکھاتے ہوئے انفرادی اور ٹیم دونوں ایونٹس میںگولڈ میڈل جیتا۔ سفت نے انفرادی فائنل میں 459.2 پوائنٹس اسکور کر کے پہلا مقام حاصل کیا۔ چین کی یوجی یانگ (458.8) نے سلور اور جاپان کی مسا کی نوباتا (448.2) نے برونز میڈل حاصل کیا۔ آٹھ کھلاڑیوں پر مشتمل فائنل میں ایک اور ہندوستانی کھلاڑی آشی چوکسے 402.8 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں مقام پر رہیں۔ سفت اور آشی بالترتیب کوالیفکیشن راؤنڈ میں دوسرے اور پانچویں نمبر پر تھیں لیکن فائنل میں وہ پہلی اور چوتھی پوزیشن سے داخل ہوئیں، کیونکہ ایک اور ہندوستانی شریینکا ساداندی جنہوں نے کوالیفکیشن میں ٹاپ کیا تھا، صرف رینکنگ پوائنٹس اونلی (آر پی او) زمرے میں حصہ لے رہی تھیں۔ بعد ازاں سفت اور آشی نے انجم موگدل کے ساتھ مل کر ٹیم ایونٹ میں بھی گولڈ میڈل جیتا۔ ٹیم نے مجموعی طور پر1753 پوائنٹس حاصل کیے، جس میں سفت نے589، آشی نے586 اور انجم نے 578 اسکورکیے۔ اس طرح ہندوستان نے جاپان (1750 پوائنٹس) اور جنوبی کوریا (1745 پوائنٹس) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا۔ ہندوستان کی نیرو دھانڈا نے خواتین کے ٹریپ ایونٹ میں انفرادی اور ٹیم دونوں مقابلوں میںگولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کیمیڈلس کی تعداد میں مزید دو گولڈ میڈلس کا اضافہ کیا تھا۔