سفری سہولیات کیلئے ہمہ مقصدی کارڈس عنقریب متعارف

   

ابتدائی قیمت 1000 روپئے متوقع، شہریوں کے دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی کیلئے راہ ہموار

حیدرآباد 30 جون (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں آر ٹی سی سٹی بس سرویس، لوکل ٹرین بشمول حیدرآباد میٹرو ٹرین سرویس سے سفر کرنے والے شہریوں کے لئے ’کامن موبیلیٹی کارڈ‘ (Commmon Mobility Card) کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ اب حل ہونے جارہا ہے۔ اس طرح توقع ہے کہ بہت جلد گریٹر حیدرآباد کے شہریوں کو کامن موبیلیٹی کارڈ (ہمہ مقصدی استعمال کارڈ) اپنے سفر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دستیاب ہوجائے گا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ اس کامن موبیلیٹی کارڈ سسٹم کو متعارف کرنے کے لئے سافٹ ویر کے ساتھ ساتھ موبیلیٹی کارڈ ریڈنگ کے لئے مشینوں کے حصول سے متعلق ٹنڈرس طلب کرلئے گئے ہیں اور ان ٹنڈرس کے ادخال کی آخری تاریخ 15 جولائی مقرر کرنے کی اطلاعات ہیں۔ اس کامن موبیلیٹی کارڈ کے طریقہ کار کو متعارف کرنے کے لئے مختلف محکمہ جات بشمول ٹرانسپورٹ شعبوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے مابین مشاورت ایک طویل عرصہ سے کی جاتی رہی اور بتایا جاتا ہے کہ اس تعلق سے مختلف شرائط و ضوابط کو مرتب کرتے ہوئے ان عہدیداروں نے ایک قطعی فیصلہ پر پہونچتے ہوئے آر پی ایف (ریکویسٹ فار پرپوزلس Request for Proposals) کو قطعی منظوری کے لئے حکومت کو روانہ کئے گئے۔ اسی ذرائع کے مطابق حکومت نے ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کی ذمہ داری پرنسپال سکریٹری ریاستی محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر جیش رنجن کو تفویض کی جس پر جیش رنجن اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس تعلق سے ’’پری بڈ‘‘(Pre – Bid) اجلاس طلب کرکے ضروری نکات کا تفصیلی غور و خوض کے بعد ٹنڈرس داخل کرنے کے لئے آخری تاریخ 15 جولائی مقرر کی گئی۔ گریٹر حیدرآباد میں درپیش ٹریفک مسائل سے پریشان عوام اب اس کامن موبیلیٹی کارڈ کے ذریعہ ریل یا روڈ ٹرانسپورٹ (یعنی آر ٹی سی بسوں وغیرہ) جو بھی انھیں دستیاب رہے اس کے ذریعہ بہ آسانی سفر کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اس کامن موبیلیٹی کارڈ کے ذریعہ میٹرو ریل کے علاوہ سفر کی سہولتیں فراہم کرنے والی ایم ایم ٹی ایس، سٹی آر ٹی سی بس سرویس، آٹو رکشاؤں، ٹیکسیوں میں بغیر ٹکٹ سفر کی سہولتیں فراہم ہوسکیں گی۔ اسی ذرائع نے مزید بتایا کہ کامن موبیلیٹی کارڈ سسٹم متعارف ہونے پر اس کارڈ کی ابتدائی قیمت 1000 روپئے ہوگی اور دو ہزار روپیوں کی مالیت تک کے کارڈ دستیاب ہوں گے اور اس کارڈ پر سفر کرنے کے بعد کارڈ کی رقم مکمل خرچ ہوجانے کی صورت میں بہ آسانی اس کامن موبیلیٹی کارڈ کو ری چارج کروالینے کی سہولت بھی رہے گی۔ جبکہ یہ کامن موبیلیٹی کارڈس تمام میٹرو ریلوے اسٹیشنس، شہر کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں، آر ٹی سی بس اسٹیشن، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی تمام برانچس میں دستیاب رہیں گے۔ اسی ذرائع کے مطابق میٹرو ٹرین چلنے والی روٹس پر ابتداء ہی میں میٹرو ٹرین اسٹیشنوں، 100 آر ٹی سی بسوں، 50 آٹو رکشاؤںمیں اس کامن موبیلیٹی کارڈس کو ’’پائلیٹ پراجکٹ‘‘ کے تحت تجرباتی اساس پر چلائے جائیں گے۔ اور رفتہ رفتہ اس کارڈ کو وسعت دیتے ہوئے عوامی ٹرانسپورٹ نظام کے ذریعہ شہریوں کو سفر کرنے کے لئے مکمل ہمت افزائی کی جائے گی۔