نئی دہلی: مرکزی سرکار نے بدھ کو عازمین حج کیلئے وی آئی پی کوٹہ کو ختم کردیا ہے ۔ ایسے میں اب وی آئی پی عازمین کو بھی عام عازمین حج کی طرح ہی سفر کرنا ہوگا ۔ ذرائع نے یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ہندوستان کے صدر جمہوریہ، نائب صدر جمہوریہ ، وزیر اعظم، اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کے ساتھ ساتھ حج کمیٹی کو مختص وی آئی پی کوٹے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سال 2012 میں یہ وی آئی پی کوٹہ لاگو کیا گیا تھا، جس کیلئے 5000 سیٹیں مختص کی گئی تھیں ۔ حالانکہ اب اس کو ختم کردیا گیا ہے تو یہ سیٹیں بھی عام لوگوں کو الاٹ کی جاسکیں گی ۔ بتادیں کہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر عائد کی گئی پابندیوں کو کم کئے جانے کے بعد سعودی عرب میں عازمین حج کی تعداد وبا سے پہلے کی تعداد تک پہنچنے کی امید ہے ۔