کورونا علامات کے باوجود دواخانوں میں ٹسٹ سے گریز
حیدرآباد 27 اپریل ( سیاست نیو ز) ایک 33 سالہ خاتون صحافی کو جب بخار ‘ کھانسی اور اعضاء شکنی کی شکایت ہوئی تو انہں نے پانچ دن قبل محکمہ صحت کی ٹیم سے رابطہ کیا گیا ۔ ٹیم نے انہیں کنگ کوٹھی ہاسپٹل اسکریننگ کیلئے بلایا ۔ تاہم وہاں ان کا کورونا ٹسٹ نہیں کیا گیا حالانکہ ان میں واضح علامات تھیں۔ وہاں حکام نے کہا کہ چونکہ انہوں نے کہیں باہر کا سفر نہیں کیا ہے اور نہ ہی کسی مریض سے راست رابطے میں آئی ہیںاس لئے ان کا معائنہ نہیں کیا جائیگا ۔ خاتون صحافی چار سالہ بچے کی ماں ہیں۔ ان سے ڈاکٹرس نے کہا کہ حالانکہ ان میں کورونا کی واضح علامات پائی جاتی ہیں لیکن ان کا معائنہ نہیں کیا جاسکتا ۔ اگر وہ واقعی کورونا متاثر ہیں تب بھی انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ نوجوان ہیں اور ان کا جسم اس وائرس کا مقابلہ کرسکتا ہے ۔ صحافی نے اپنے ٹوئیٹر پر بتایا کہ دواخانہ میں انہوںنے 40 منٹ گذارے ۔ وہاں کئی افراد کو انہوں نے اس وائرس کی علامات کے ساتھ دیکھا لیکن کسی کا بھی معائنہ نہیں کیا گیا اور یہ عذر پیش کیا گیا چونکہ وہ سفر سے نہیں آئے ہیں اس لئے ان کا معائنہ نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سفر نہیں تو ٹسٹ کی پالیسی تشویشناک ہوسکتی ہے ۔