سفید جھوٹ کون بول رہا۔ روڈی ایم ایل اے یا پولیس؟

,

   

حیدرآباد۔19 ڈسمبر ( سیاست نیوز) گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ ایک روڈی شیٹر ہے! رکن اسمبلی کا نام منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹرس کی فہرست میں درج ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف 43 مقدمات زیر التواء ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس گوشہ محل ایم نریندر ریڈی کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر بھی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف 43 مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ان کی ہسٹری شیٹ 2006 میں کھولی گئی تھی اور یہ شیٹ اب بھی برقرار ہے۔ سوشل میڈیا پر روڈی شیٹرس کی فہرست میں نام پائے جانے پر رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ نے کہا کہ انہیں آج ہی اس بات کا پتہ چلا ہے کہ وہ روڈی شیٹر ہیں اور ان کے نام سے جڑی ہوئی روڈی شیٹرس کی فہرست سوشل میڈیا پر گشت کررہی ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ چیف منسٹر اس بات کا جواب دیں کہ وہ (راجہ سنگھ ) کیسے روڈی شیٹر بن گئے ہیں جبکہ وہ دو مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں اور وہ عوام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ ان کے خلاف کھولی گئی ہسٹری شیٹ کا مقصد یہ ہے کہ انہیں عوام میں بدنام کیا جائے تاکہ ان کے حوصلے پست ہوجائیں۔