17 ستمبر سے دس دنوں کیلئے پرجا پالنا پروگرام کا انعقاد، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔27 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریاستی حکومت کے عوام سے ملاقات اور درخواستوں کی وصولی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے 17 ستمبر سے 10 یوم تک درخواستیں وصول کی جائیں اور ’’پرجا پالنا ‘‘ پروگرام کے دوران ریاست میں شہریوں سے سفید راشن کارڈ‘ ہیلت کارڈ کے علاوہ دیگر اسکیمات سے استفادہ کے لئے درخواستیں وصول کی جائیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سیکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران محکمہ صحت اور محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 17 ستمبر سے ان درخواستوں کی وصولی کے اقدامات کریں اور 10یوم تک یہ درخواستیں وصول کی جائیں۔ چیف منسٹر نے اس جائزہ اجلاس کے دوران دواخانہ عثمانیہ کی گوشہ محل اسٹیڈیم میں تعمیر کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کے فیصلہ کا بھی جائزہ لیتے ہوئے دواخانہ کی منتقلی اور نئی عمارت کی تعمیر کے متعلق منصوبہ بندی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ مسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ ریاستی وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا اورعہدیداروں کی موجود گی میں منعقدہ اس اجلاس میں چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو 17ستمبرتا27ستمبر منعقد ہونے والے اس 10روزہ پروگرام کے دوران فیلڈ لیول سروے منعقد کرتے ہوئے ریاست کے تمام شہریوں کا ہیلت پروفائیل تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ یہ تمام تفصیلات کی وصولی کے بعد اس کا استعمال ہیلت کارڈ اور راشن کارڈ کی اجرائی کے لئے کیا جائے گا۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے اجلاس کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت نے عثمانیہ دواخانہ کو گوشہ محل اسٹیڈیم میں تعمیر کی جانے والی نئی عمارت میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہو ںنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ جائیداد کی منتقلی کے اقدامات کو تیز کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حوالہ کرنے کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیدارو ںکو عثمانیہ دواخانہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں نقشہ تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ نئی عمارت کے سلسلہ میں تیار کئے جانے والے نقشہ اور منصوبہ میں ا س بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ دواخانہ تک رسائی حاصل کرنے والے راستوں پر کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ 50 برسوں کا منصوبہ ذہن میں رکھتے ہوئے نئے دواخانہ کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جائے اور نئے دواخانہ کے آرکیٹکٹ میں تلنگانہ و حیدرآباد کی تہذیب و ثقافت کا خصوصی خیال رکھا جائے ۔انہوں نے پرجا پالناپروگرام کے سلسلہ میں محکمہ مال کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ تمام مواضعات کے علاوہ شہری علاقوں میں موجود خاندانوں کی تفصیلات اکٹھا کرنے میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ کریں۔اس جائزہ اجلاس میں محترمہ سانتھی کماری چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ ‘ مسٹر دانا کشور پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ محترمہ کرسٹینا چونگتو پرنسپل سیکریٹری محکمہ صحت ‘ پرنسپل سیکریٹری برائے چیف منسٹر شیشادری کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے تمام شہریوں کو ڈیجیٹل ہیلت کارڈ کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں۔چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس کے دوران کہا کہ ریاست میں صحت عامہ پر خصوصی توجہ دینے اور وائرل امراض کو پھیلنے سے روکنے کے خصوصی اقدامات کو یقینی بنائیں اور شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی مچھر کش ادوایات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ریاستی حکومت کے محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس اور ذرائع ابلاغ کے استعمال کے ذریعہ عوام میں شعوربیداری کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ڈینگو اور ملیریا کے مریضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تمام تر تفصیلات حاصل کی جائیں اور روزانہ کی اساس پر ان کے اعداد و شمار تیار کئے جائیں تاکہ ان بیماریوں کا شکار ہونے والوں کی بہتر طبی امداد اور علاج پر حکومت کی جانب سے خصوصی توجہ مرکوز کی جاسکے۔3