سفید راشن کارڈ گیرندے ہنوز حکومت سے امداد کے منتظر

   

Ferty9 Clinic

چاول اور رقم کی عدم اجرائی ، حکومت سے اجناس سربراہ نہ کرنے کی شکایتیں
حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے سفید راشن کارڈ گیرندوں کو 15کیلو چاول اور 1500 روپئے کی اجرائی کا اعلان کیا گیا تھا اور چیف منسٹر نے کہا تھا کہ اندرون دو یوم اس عمل کو شروع کردیا جائے گا لیکن تاحال حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس امداد کے سلسلہ میں کوئی عملی پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران راشن کی دکانات کے ذریعہ حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے 15کیلو چاول اور بینکوں کے ذریعہ 1500 روپئے کی اجرائی کا آغاز کیا جائے گا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جوحکومت کی جانب سے چاول کی تقسیم کا عمل جاری ہے وہ ریاست میں موجود دیگر ریاستوں کے شہریوں کی مدد کیلئے انہیں چاول اور 500 روپئے کی اجرائی کی حد تک محدود ہے اور مقامی عوام کو ان کی اپنی راشن کی دکان کے ذریعہ ہی چاول کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ حکومت نے آدھار سے مربوط اور گیاس سبسیڈی سے مربوط بینک کھاتوں میں 1500 روپئے کی رقم جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور چاول متعلقہ راشن کی دکانات سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مہینہ کے آخری ایام کے ساتھ ہی لوگ راشن کی دکانات کے چکر لگانے شروع کردیتے ہیں تاکہ انہیں ان کا راشن حاصل ہوجائے لیکن گذشتہ دو یوم سے راشن کی دکانات نہ کھلنے کے سبب شہر کے کئی علاقو ںمیں راشن کی دکانات پر لوگ گھنٹوں انتظار کرتے نظر آرہے ہیں لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ان کا کہناہے کہ وہ راشن کی خریدی اور حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے چاول کیلئے گھنٹوں قطار میں کھڑے رہتے ہیں لیکن دکانات نہ کھلنے کے سبب مایوسی کے عالم میں واپس ہونے لگتے ہیں۔ شہر کے کئی مقامات سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ فئیر پرائس شاپ مالکین کا کہناہے کہ انہیں جب سرکاری طور پر محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے راشن سربراہ کیا جائے تو ہی وہ راشن کارڈ گیرندو ںکو فراہم کرنے کے موقف میں رہیں گے لیکن جب حکومت کی جانب سے انہیں اشیائے ضروریہ حاصل ہی نہیں ہورہی ہیں تو وہ کس طرح سے کارڈ گیرندوں کو اجناس کی فراہمی اور تقسیم کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ حکومت اور محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے فئیر پرائس شاپس کو راشن کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کرتے ہوئے غریب عوام کو فوری راحت پہنچانے کی ضرورت ہے۔