وزیر فینانس ہریش راؤ کا تیقن ، عوام سے لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل(سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ جن سفید راشن کارڈس ہولڈرس کے بینک اکاؤنٹس میں رقم جمع کی گئی ہے، وہ واپس نہیں لی جائے گی ۔ بعض گوشوں سے یہ گمراہ کن اطلاعات پھیلائی جارہی ہے کہ رقم نہ نکالنے کی صورت میں وہ سرکاری خزانہ میں واپس ہوجائے گی۔ ہریش راؤ نے آج میدک ضلع کلکٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹر دھرما ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ حکومت نے سفید راشن کارڈس ہولڈرس کو 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے فراہم کئے ہیں۔ امدادی رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی گئی ۔ اگر کوئی خاندان یہ رقم حاصل نہ کریں تو وہ اکاؤنٹ میں برقرار رہے گی ، سرکاری خزانہ میں واپس ہونے سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر ہی بینک سے رقم نکالیں۔ رقم کے حصول کے لئے بینک کے پاس ہجوم کی شکل میں جمع ہونا ٹھیک نہیں ہے۔ لاک ڈاون کے دوران سماجی دوری کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کے نتیجہ میں وائرس متاثرین کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کورونا کا ویکسن تیار نہیں ہوگا ، اس وقت تک ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے۔ ٹی آر ایس کے یوم تاسیس کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر والد کی طرح عوام کی بھلائی کے بارے میں فکرمند ہیں اور وہ مختلف فلاحی اسکیمات کے ذریعہ معاشی ترقی کے خواہاں ہیں۔ ہریش راؤ نے حجاموں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی دکانیں کھولنے میں عجلت نہ کریں۔ ان کی دکانات پر ہجوم کی صورت میں وائرس کے پھیلنے کا خطرہ لاحق ہے۔ ہریش راؤ نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام اور صفائی کرمچاریوں میں ماسک اور دیگر اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی ۔