حیدرآباد میں چیف منسٹر قومی پرچم لہرائیں گے، اضلاع میں وزراء کی شرکت
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اعلان کیا کہ 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کو بی آر ایس یوم قومی یکجہتی کے طور پر منائے گی اور ریاست بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد میں یوم قومی یکجہتی تقاریب میں حصہ لیں گے جبکہ تمام اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر وزراء پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ اضلاع میں وزراء قومی پرچم لہرائیں گے۔ ہر سطح پر پارٹی قائدین اور کارکنوں سے یوم قومی یکجہتی تقاریب کے انعقاد کی اپیل کی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور بھلائی کو اپوزیشن ہضم نہیں کرپارہی ہے اور ہر مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام یوم یکجہتی کے طور پر منارہے ہیں جبکہ بعض پارٹیاں اس دن کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سماج میں نفرت پیدا کرنے اور حالات بگاڑنے ہر مسئلہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گھٹیا سیاست سے چوکس رہنا چاہیئے۔17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد اسٹیٹ کا انڈین یونین میں انضمام عمل میں آیا اور شاہی سے جمہوریت اختیار کی گئی۔ تلنگانہ عوام جمہوری جدوجہد کے ذریعہ انضمام کی تاریخ سے بخوبی واقف ہیں لیکن پھوٹ پیدا کرنے والی طاقتیں اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے 17 ستمبر کو مختلف عنوانات سے منانا چاہتے ہیں حالانکہ یہ دن قومی اتحاد کی علامت ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایسے موقع پرست عناصر جن کا تاریخ میں کوئی رول نہیں ہے وہ سیاسی فائدہ کیلئے تلنگانہ کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ جیسے باشعور سماج کو غیر مستحکم کرنے والی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے آگے آنا چاہیئے۔ یہ طاقتیں تلنگانہ کے ماحول کو آلودہ کرنا چاہتی ہیں۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ 17 ستمبر کو بی آر ایس کی جانب سے ریاست میں تقاریب منعقد کی جائیں گی۔