دبئی ۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے ۔آئی سی سی بورڈ کی ہفتہ کو یہاں ہوئی میٹنگ کے دوران بی سی سی آئی کو یہ یقین دلایا گیا۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈیوڈ رچرڈسن نے کہاکہ جیسا کہ آپ ایک عالمی کھیلوں کی تقریب کے دوران سیکورٹی کے نظام کی امید کرتے ہیں۔ آئی سی سی نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ مل کر سخت سیکورٹی اہتمام کیا ہے ۔ ہم ٹورنامنٹ کے میزبان ممالک میں حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور کھلاڑیوں، حکام اور شائقین کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں ۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر بی سی سی آئی نے ورلڈ کپ جیسے بڑے ایوینٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور میچ حکام کی حفاظت کو لے کر فکر ظاہر کی تھی۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں 14 فروری کو مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے پر ہوئے فدائین حملے میں سی آر پی ایف کی 40 سے زیادہ جوان شہید ہو گئے تھے ۔ اس حملے کی ذمہ داری پاکستان واقع دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے لی تھی جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔آئی سی سی نے دہشت گردی کو فرروغ دینے والے ممالک سے تعلق توڑنے کے بی سی سی آئی کے اصرار کو ٹھکراتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں آئی سی سی کا کوئی کردار نہیں ہے ۔ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو خط لکھ کر عالمی ادارے اور اس رکن ممالک سے دہشت گردوں کو پناہ دینے والے ممالک سے تعلق توڑنے کی اپیل کی تھی۔ آئی سی سی چیئرمین نے واضح کیا کہ کسی ملک کو خارج کرنے کا فیصلہ سرکار کی سطح پر کیا جانا چاہئے اور آئی سی سی کا ایسا کوئی اصول نہیں ہے ۔یہ مسئلہ ہفتہ کو چیئرمین ششانک منوہر کی صدارت میں آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ میں اٹھایا گیا لیکن اسے وقت نہیں دیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ دنیا میں کرکٹ کی سپریم کونسل بین الاقوامی سطح پر کئی بڑے ٹورنامنٹ منعقد کرتی ہے جس کے تحت اس سال 30 مئی سے 14 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔